آئی سی سی ورلڈ کپ 2019: میزبان انگلینڈ آج کالی آندھی کا سامنا کرے گی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج انگلینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ آج کا میچ بھی بارش سے متاثرہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج میزبان انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ساؤتھمپٹن میں بھی بارشیں جاری ہیں اور دونوں ٹیمیں جمعرات کو کھلی فضاؤں میں پریکٹس کرنے سے قاصر رہیں۔

انڈور پریکٹس تک محصور رہنے والی میزبان ٹیم کو مارک ووڈ کی انجری کا بھی سامنا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران فاسٹ باؤلر مارک ووڈ بائیں پاؤں کا ٹخنہ زخمی کروا بیٹھے تھے جس سے وہ صحت یاب نہ ہوسکے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے پہلے مارک ووڈ کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا جس میں کامیابی کے بعد ہی انہیں میدان میں اترنے کا اجازت نامہ مل سکتا ہے۔

میزبان انگلینڈ نے ورلڈ کپ مہم کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف فتح سے کیا تھا، اگلے میچ میں اسے پاکستان کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے میچ میں 106 رنز سے کامیابی ملی۔تین میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبرپر ہے۔

ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں کھیلے گئے تین میچوں میں سے پاکستان کے خلاف کامیابی ملی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف 15 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا گیا آخری میچ بارش کے باعث نامکمل رہا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ تین میچوں میں ایک کامیابی اور ایک ناکامی کے ساتھ ویسٹ انڈین ٹیم ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبرپر موجود ہے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا آج کا میچ بارش سے جزوی طور پر متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔