بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پونے میں جنوبی افریقا سے دوسرے ٹیسٹ میں کیریئربیسٹ 254 رنز بنائے۔ اننگ کے دوران کیریئرکے 7000 رنز بھی مکمل کرلیے۔ جس میں 26 سنچریز اور 22 ففٹیز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلی جا رہی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگ پانچ وکٹوں کے نقصان پر601 رنزبناکر ڈیکلیئرڈ کردی۔ میانک اگروال نے 108 رنز بنائے۔ کپتان ویرات کوہلی کیریئر بیسٹ 254 رنز کے اسکور پرناٹ آؤٹ رہے۔ ویرات کوہلی نے اس شانداراننگ کے دوران کیریئر کے 7000 رنز بھی مکمل کرلیے۔ انہوں نے سنگ میل 81 ٹیسٹ کی 138 اننگز میں عبورکیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 7000 رنز بنانے والے چوتھے تیزترین بیٹسمین بن گئے۔
ویرات کوہلی نے جنوری 2011 میں کنگسٹن جمیکامیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیوکیا اور شاندارکیریئر میں 7054رنز 26 سنچریز اور 22 نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کیے۔ انہوں نے بہترین اسکور 254 رنز پونے میں جاری ٹیسٹ میں بنایا۔ کوہلی نے 7000 رنز پچپن کی شاندار اوسط سے بنائے ہیں۔ وہ بھارت کے کامیاب ترین کپتان بھی ہیں۔