کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق دورہ آسٹریلیا کے ابتدائی ٹیسٹ میں مکمل ناکام رہے۔ ینگسٹرز کو چانس دینے کا دعویٰ بھی فریب ثابت ہوا۔ پاور ہٹر خوشدل شاہ، فاسٹ بولر محمد موسٰی اور محمد حسنین اور لیگ اسپنر عثمان خواجہ سیر و تفریح کے بعد واپس آجائیں گے۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بہت دعووں کے بعد دورہ آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈز میں کئی نوجوان پلیئرز کو شامل کیا لیکن ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میں ینگسٹرزکے لیے یہ دورہ جوائے ٹرپ ہی ثابت ہوا اور سری لنکا کے خلاف عمراکمل اور احمد شہزاد کی طرح پہلے دوٹی ٹوئنٹی میں آؤٹ آف فارم فخر زمان اورمکمل فلاپ آصف علی محدود اوورز کی کرکٹ میں زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ بنانے والے وہاب ریاض اور لائن لینتھ سے عاری محمدعرفان ہی کھیلتے رہے۔
ڈومیسٹک سیزن میں چون ٹی ٹوئنٹی میچز میں بیاسی چھکے لگانے والے خوشدل شاہ، انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس دینے والے فاسٹ بولرمحمد موسٰی اور سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک بنانے والے محمد حسنین ڈریسنگ روم میں ہی ٹیم کو ہارتے دیکھتے رہے۔ سب سے زیادہ ظلم لیگ اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر کے ساتھ ہوا۔ جو پاکستان کی کیپ بھی حاصل نہ کر سکے اور آسٹریلیا سے چانس بھی گنوا بیٹھے۔
بابراعظم اور مصباح الحق پہلی بڑی آزمائش میں مکمل ناکام ہو گئے۔ پہلا میچ بارش نے بچا لیا تو دوسرے میں بدترین شکست نے سب دعووں کی قلعی کھول دی۔ اب آخری میچ میں کسی نوجوان کو چانس دیا بھی تو وہ اس دباؤ کا سامنا نہیں کر سکے گا اور اس پرناکامی کی مہر لگا دی جائے گی