سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے پاکستان سپر لیگ 5 کےتمام میچز پاکستان میں کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔
شین واٹسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کھیلنے کیلیے تیار ہوں، گزشتہ ایونٹ کے فائنل میں کراچی میں شاندار ماحول دیکھا، خود بھی دورے کا خوب لطف اٹھایا اور زندگی میں ایک یادگار وقت گزارا، سیکیورٹی انتظامات بھی بہترین تھے، دوبارہ پاکستان میں کھیلنے کیلیے بیتاب ہوں، جانتا ہوں کہ وہاں میرے پرستاروںکی بڑی تعداد موجود ہے، ان کے سامنے ایکشن میں نظر آنے کیلیے بیتاب ہوں۔
ایک سوال پر آسٹریلوی آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل ایک مشکل ٹورنامنٹ ہے،کرکٹ خاص طور بولنگ کا معیار بہت شاندار ہے، گزشتہ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باصلاحیت نوجوان کرکٹرز اور پاور ہٹرز کی خدمات حاصل تھیں،امید ہے کہ اس بار بھی ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب ہوجائیں گے۔
بابراعظم کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر
شین واٹسن بھی بابر اعظم کی صلاحیتوں کے گرویدہ ہوگئے، آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹسمین کی خوبی یہ ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی بغیر کوئی خطرہ مول لئے تیزی سے رنز بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، شاندار بیٹسمین کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔
وہاب ریاض ایک بہترین انٹرنیشنل بولر ہیں، میں ان کو اپنا فیورٹ پاکستانی کرکٹر سمجھتا ہوں۔ شین واٹسن
شین واٹسن نے وہاب ریاض کو اپنا فیورٹ پاکستانی کرکٹر قرار دیدیا، آسٹریلوی آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ 2015 کا اسپیل آج بھی یاد ہے،میگا ایونٹ میں بڑا مشہور ٹاکرا ہوا تھا، وہاب ریاض کے پاس رفتار کا بڑا ہتھیار ہے، میں ایک بہترین انٹرنیشنل بولر کو اپنا فیورٹ پاکستانی کرکٹر سمجھتا ہوں۔