پی سی بی نے بنگلہ دیش کو دورہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز پیش کردی۔
بنگال ٹائیگرز کو آئندہ سال جنوری میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے آنا ہے، بی سی بی کی جانب سے ناز نخرے دکھانے کا سلسلہ جاری اور ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، پی سی بی اس سیریز میں ایک ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کا خواہاں ہے۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ ٹیسٹ میچز ہو رہے ہیں جو ایک اچھا رجحان ہے، اب پی سی بی نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ ہوم سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز شامل کیے جائیں گے۔
وسیم خان نے کہا کہ بنگلا دیش بورڈ کو پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کی ہے، امید ہے کہ بنگلا دیش بورڈ پی سی بی کی پیشکش قبول کرے گا اور پاکستان میں پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ جنوری میں کراچی میں کھیلا جائے گا۔