کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اوردنیائے کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ آلراؤنڈر شاہد آفریدی نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفیق الرحیم کا بلا خرید لیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفیق الرحیم نے اپنی اور بنگلا دیش کی پہلی ڈبل سنچری نیلام کیے جانے والے بلے سے بنائی تھی۔
انہوں نے اپنا تاریخ ساز بلا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کی غرض سے نیلام کیا تھا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے اس موقع پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مشفیق آپ اپنے لوگوں کے لیے زبردست کام کر رہے ہیں اور ایسے کام حقیقی ہیروز ہی کرتے ہیں۔
انہوں نے پیغام میں کہا ہے کہ ہم سب بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں تو ایسے وقت میں ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہوتی ہے۔