پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیزراجہ نے بتایا ہے کہ ایک انوسٹر نے ہم سے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے پر پی سی بی کو بلینک چیک دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات سینیٹر رضا ربانی کی صدارت میں سینیٹ کی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کے دوران بتائی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیزراجہ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ دورہ پاکستان ری شیڈول کررہا ہے،آئندہ ہفتے اچھی خبر ملے گی۔
ویسٹ انڈیز اورآسٹریلیا کے دورے برقرار ہیں، آسٹریلیا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے سے پہلے100بار سوچے گا۔
اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے یکطرفہ سیریز منسوخی کے فیصلے کے بعد پہلی بار پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطہ بھی کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی سے دوبارہ سیریز شیڈول کرنے پر بات چیت کی گئی اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے سیریز منسوخی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔
دونوں بورڈز کا سیریز کے لیے نئی جگہ تلاش کرنے پر غور کیا اور کہا گیا کہ موجودہ ونڈو میں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ممکن نہیں۔
پاکستان نے ورلڈ کپ کے بعد ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا سے بھی سیریز کھیلنی ہیں۔