وہاب ریاض کی بیٹنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

وہاب ریاض کی جارحانہ بیٹنگ نے سینٹرل پنجاب کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

 سینٹرل پنجاب نے ٹورنامنٹ کے 28ویں میچ میں بلوچستان کو 3 وکٹوں سے ہراکر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

 بلوچستان نے عبداللہ شفیق کی نصف سنچری اور عماد بٹ کے تیزر فتار ناٹ آؤٹ 43 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ 

دونوں بیٹسمینوں  نے چھٹی وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ بلوچستان کی اننگز کی طویل ترین پارٹنرشپ تھی۔

اوپنر عبداللہ شفیق نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے عماد بٹ کے علاوہ کسی بھی بیٹسمین نےسپورٹ نہ کیا۔ 

عماد بٹ نے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 43 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ثمین گل نے 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد فیضان نے 2 جبکہ قاسم اکرم اور احمد صفی عبداللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

وہاب ریاض کی 9 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار اننگز نے سینٹرل پنجاب کو 163 رنز کا ہدف 11 گیندیں قبل حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اننگز کے اٹھارویں اوور میں عماد بٹ کو لگاتار 3 چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کا آغاز بھی زیادہ متاثر کن نہ تھا۔ محمد اخلاق کے علاوہ سینٹرل پنجاب کا کوئی بھی بیٹسمین لمبی پارٹنرشپ لگانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔اوپنر محمد اخلاق نے 32 رنز بنائے۔

انہوں نے حسین طلعت کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔فہیم اشرف نے 15 گیندوں پر 27 رنز بناکر سینٹرل پنجاب کو میچ میں واپس لانے کی بنیاد رکھی جسے بعدازاں وہاب ریاض نے دھواں دھار بیٹنگ سے فتح میں بدل دیا۔

بلوچستان کے عماد بٹ اور حارث سہیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سینٹرل پنجاب کے ثمین گل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔