جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیار

جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔ انہیں بحیثیت کرکٹر پاکستان کا دورہ کرنے پرکوئی اعتراض نہیں۔ ڈوپلیسی نے کہاکہ وہ ورلڈالیون کے کپتان کی حیثیت سے پاکستان جا چکے ہیں۔ وہاں کےحفاظتی انتظامات سے پوری طرح مطمئن ہیں۔

جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات سے پوری طرح مطمئن ہیں اور انہیں پروٹیز ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنے میں کوئی اعتراض نہیں۔ ایک انٹرویو میں ڈوپلیسی نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ سال ورلڈ الیون کے کپتان کی حیثیت سے تین ٹی ٹوئنٹی میچزکے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ وہاں کی سیکیورٹی سے بہت لطف اندوز ہوئے۔ پاکستان جانے سے پہلے وہ اپنی اور دیگر پلیئرز کے تحفظ کے بارے میں فکرمند تھے لیکن ہالی ووڈ فلموں کی طرز کے حفاظتی انتظامات متاثر کن تھے۔ جس میں چھتوں پر اسنائپرز اور پلیئرز بس کے اردگرد سخت سیکیورٹی نے ان کے خدشات دور کر دیے۔ ایک کرکٹرکی حیثیت سے وہ جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ پاکستان جانے کو تیار ہیں۔ تاہم اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنا بورڈ کا کام ہے۔ جو اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے درست وقت کا تعین کر سکتا ہے۔

پی سی بی نے پی ایس ایل چار کے آٹھ میچز لاہور اور کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیاہے۔ جو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اورقدم ثابت ہوگا۔