پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں کراچی کے ساوتھ اینڈ کلب میں مد مقابل آئیں گی۔
ٹیموں کے درمیان یکم فروری کو دوسرا جبکہ 3 فروری کو تیسرا ٹی ٹوئٹی میج کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس ساڑھے دس بجے ہوگا جبکہ اننگ کا آغاز 11 بجے کیا جائے گا۔
تینوں میچز ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی جانب سے تین ون ڈے میچز دبئی میں بھی کھیلے جائیں گے۔
گزشتہ روز مہمان ٹیم نے گراونڈ میں ہونے والی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا تھا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم 15 برس بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔ اس حوالے سے ویسٹ انڈیز ٹیم کے آفیشل ٹوئٹر پر ویمن ٹیم کی کپتان کی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آنے پر بہت خوش ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔