پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان پہنچ گئے

پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کا استقبال کیا۔ ڈیرن سیمی آج پشاور میں پشاور زلمی کی کٹ اینڈ اینتھم لانچنگ کی تقریب میں شریک ہوں گے جب کہ وہ آرمی پبلک اسکول پشاور بھی جائیں گے۔

ڈیرن سیمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے بعد پشاور جا رہے ہیں اور انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے جب کہ دو سال پہلے پشاور زلمی نے فائنل میچ جیتا تھا۔

پی ایس ایل کی سب سے زیادہ پسندیدہ ٹیم پشاور زلمی کے کٹ اینڈ اینتھم لانچنگ کی تقریب آج گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا پشاور میں ہو رہی ہے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ زیک آفریدی اور ساحر علی بگا سمیت معروف گلوکار تقریب کے شرکا کا خون گرمائیں گے۔

اداکارہ ماہرہ خان اور ثنا جاوید پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈرز ہیں۔

پشاور کی عوام کے پسندیدہ کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ ساتھ مصباح الحق، کامران اکمل، عمیدآصف، ثمین گل، عمرامین، صہیب مقصود سمیت دوسرے کھلاڑی بھی فینزسے ملنے آئیں گے اور ہیڈ کوچ محمد اکرم اور صدر ظہیرعباس بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔