کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں اسکور بورڈ پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز کا ہندسہ سجایا۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے دو جب کہ عمران جونیئر اور غلام مدثر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو شروعات میں ہی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا، احمد شہزاد اور شین واٹسن جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں عمر اکمل اور سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ الیون نے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔