پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت، 500 والے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت

پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت مقررہ سینٹرز پر جاری ہے اور فائنل میچ کے 500 روپے والے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔

پی ایس ایل کے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے ٹکٹ نجی کوریئر سروس کی 55 مختلف برانچز پر دستیاب ہیں اور شائقین کرکٹ لائنوں میں لگ کر ٹکٹ حاصل کر رہے ہیں۔

کراچی کے 27، لاہور کے 12، گوجرنوالہ کے 3، حیدرآباد اور راولپنڈی کے 2،2 سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے، شہری ایک شناختی کارڈ پر 5 ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 30 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور فائنل میچ کے تقریباً 18 ہزار ٹکٹ نجی کمپنی کو فروخت کے لیے دیے گئے ہیں جب کہ فائنل میچ کے 500 روپے والے ٹکٹس ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئے۔

لاہور اور کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس 500 روپے سے 3 ہزار روپے تک ہیں جب کہ نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میچز کے ٹکٹس 500 روپے سے 8 ہزار روپے تک ہیں۔

اس سے قبل میچز کے آن لائن ٹکٹس بھی فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے جو مجموعی ٹکٹوں کا 20 فیصد تھا، ایسے شائقین جو آن لائن ٹکٹ بُک کروا چکے ہیں لیکن انہوں نے ہوم ڈلیوری کا آپشن استعمال نہیں کیا، اُنہیں مقررہ سینٹر پر جاکر اپنا ٹکٹ وصول کرنا ہوگا۔