پی ایس ایل کے فائنل میں امام الحق نے شین واٹسن سے بدتمیزی کرنے پر معافی مانگ لی

پی ایس ایل کے فائنل میں شین واٹسن سے بدتمیزی کرنے پر امام الحق نے ان سے معافی مانگ لی۔

کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز شین واٹسن جب رن آؤٹ ہوئے تو پشاور زلمی کے کھلاڑی امام الحق نے انہیں باہر جانے کا اشارہ کیا اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

مہمان کھلاڑی سے بدتمیزی کرنے پر شائقین کرکٹ نے امام الحق کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس حوالے سے ’پرچی‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرتا رہا۔

شائقین کی جانب سے تنقید کے بعد امام الحق کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن سے معافی مانگ لی۔