وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ کو بلی کو چھیچھڑوں کے خواب قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائینس و ٹیکنالجوی فواد چوہدری نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی مولانا صاحب کا مطالبہ کیا ہے ہمیں اس پر ریسرچ کرنی چاہئیے، مولانا کے ڈنڈوں سے کوئی بھی نہیں ڈرے گا مولانا صاحب کو چاہئیے وہ سیاستدانوں والا رویہ اختیار کریں۔
وفاقی وزیر نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیراعظم کے استعفی کے مطالبے پر کہا کہ ان کا مطالبہ بلی کو چھیچھڑوں کے خواب جیسا ہے۔
وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عمران خان کی لیڈر شپ پر فخر ہونا چاہئیے، عمران خان کا کردار عالمی سیاسی منظر نامے پر آرہا ہے۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے جامعات کو کاروبار کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ دنیا بھر میں جامعات کے بجٹ سے حکومتیں خود کو الگ رکھتی ہیں جبکہ ہمارے پاس ہر ادارہ حکومتی امداد کے انتظار میں بیٹھا ہوتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے کہا کہ سیٹھوں سے زیادہ نوجوانوں سے ملا کریں کیونکہ یہ پاکستان کا مستقبل ہیں۔