اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست عدم پیروی کی بناء پرخارج کر دی۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہارِ کیا۔
اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ عید پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسٹیٹ کونسل سے کہا کہ اگر وہ یہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ بی بی جیل چلی جاتیں ، وہ خود بھی نہیں چاہتے کہ وہ گھر سے جیل چلی جائیں، جو انہوں نے ریلیف مانگا ہے پتہ نہیں وہ چاہتے بھی ہیں یا نہیں، عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہے ہیں، مذاق بنا ہوا ہے، کہا بھی تھا کہ آج سن کر اس کیس کا فیصلہ کریں گے پھر بھی ان کے وکلاء نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سائیڈ بھی ٹھیک کام نہیں کر رہی اور آپ بھی ٹھیک نہیں کر رہے، شعیب شاہین آئے تھے وہ بھی چلے گئے، واپس نہیں آئے ، بعد ازاں عدالت نے درخواست خارج کر دی۔