کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
اتوار 9 دسمبر کی شب کراچی کے علاقے طارق روڈ، بہادرآباد، جیل چورنگی اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، ناگن چورنگی، لیاقت آباد، تین ہٹی، صدر، گارڈن، گلشنِ حدید، ناظم آباد، یونیورسٹی روڈ، ائیرپورٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے باعث فیڈرز میں ٹرپنگ آنے سے بلدیا، سائٹ اورنگی اور نارتھ کراچی میں بجلی کی بندش ہے جبکہ بجلی کی جلد بحالی کیلئے عملہ مصروف عمل ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شہری ٹوٹے تاروں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں جبکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری پر رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ایک روز تک بادل چھائے رہیں گے جبکہ پیر کو بھی بوندابادی ہوسکتی ہے۔
کراچی کے بعض علاقوں میں آج صبح بھی ہلکی بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل پھسل گئیں۔