لیگ اسپنرشاداب خان وائرس سے نجات پاکر ورلڈ کپ اسکواڈ کوجوائن کرنے کے لئے تیار ہیں۔ لیگ اسپنر کل انگلینڈ روانہ ہورہے ہیں۔ جہاں ڈاکٹر پیٹرک کینڈی ان کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔ شاداب خان پیر 20 مئی کوقومی ٹیم کے ساتھ شامل ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے ہاتھوں عمدہ بیٹنگ کے باوجود پے درپے دو ناکامیوں کے بعد پاکستان ٹیم کے لیے شاداب خان کی فٹنس کی بحالی بہت بڑی خوش خبری ہے۔ ہیپاٹائیٹس وائرس کی تشخیص کی بنا پرشاداب خان انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار کردیئے گئے تھے۔ لندن میں ڈاکٹر پیٹرک کینڈی کی دواؤں اور آرام کے بعد لیگ اسپنر کی بلڈ ٹیسٹ رپورٹ کلیئرآئی ہے اور وہ ورلڈکپ اسکواڈ کو بروقت جوائن کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شاداب خان کل نگلینڈ روانہ ہورہے ہیں۔ جہاں ڈاکٹر ان کا تفصیلی معائنہ کرنے کے ساتھ ہدایات دیں گے۔ شاداب خان پیر کوقومی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
انگلینڈ سے سیریز میں پاکستان نے لیگ اسپنر کی شدت سے کمی محسوس کی۔وہ بولنگ ہی نہیں بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بھی پاکستان کی اہم کھلاڑی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق آل راؤنڈر شاداب خان ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ وہ 24 اور 26 مئی کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے وارم اپ میچ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاداب خان کا فٹ ہونا ہمارے لیے بہت اچھی خبر ہے۔ شاداب خان کو ٹیم میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی پویلین میں موجودگی ہمارے لیے حوصلہ افزا ہو گی۔
لیگ اسپنر شاداب خان نے 5 ٹیسٹ میں 12، 34 ون ڈے میں 47 اور 22 ٹی ٹوئنٹی میں 44 وکٹیں لی ہیں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میں وہ تین تین نصف سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔ ان کی واپسی سے ٹیم کا توازن بہتر ہوجائے گا۔