محکمہ موسمیات نے پنجاب،خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں طوفانی بارشوں جبکہ دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، گجرات،گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بادل برس پڑے، لاہور میں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار کیا اور گرمی کا زور توڑ دیا۔
اس کے علاوہ حافظ آباد ، ڈسکہ ، سیالکوٹ ، ظفروال میں بارش نے موسم سہانا کردیا ، آزاد کشمیر میں بھی شدید بارش کاسلسلہ جاری ہے،مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ بالائی مقامات پر اکثر جہگوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ہیں۔
شدید بارش کے باعث خالق آباد کے مقام پر کرنٹ لگنے سے 2 بھائی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ دریائے چناب میں اورنچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردارسرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے تحت ستائیس جولائی کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔