کراچی میں فروری کے آخر تک سردی رہے گی۔

کراچی کے شہریوں نے موسم تبدیل ہونے پر اگر گرم لحاف اور کپڑے رکھنے کا سوچا ہے تو اپنا ارادہ تھوڑا تبدیل کر دیں۔

شہری فروری کے آخر تک سردی کا مزہ لے سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہرِ قائد میں فروری کے آخر تک سردیوں کا ڈیرہ رہے گا، 2014ء کے بعد اس سال سردیوں کا دورانیہ طویل رہا ہے اور سردی کی شدت بھی زیادہ ہے۔

ترجمان محکمۂ موسمیات کے مطابق آج رات سے شہر میں سائبیرین ہوائیں اثر انداز ہوجائیں گی، جس کے باعث کل سے کم سے کم درجۂ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 13 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔