ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش، برفباری متوقع۔

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک اورآندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں بدھ کی صبح مطلع جزوی ابر آلود رہا جس کے سبب سردی میں معمول سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حراررت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 20 تک جا سکتا ہے۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک رہے گا تاہم جہلم، چکوال، اٹک، مری، میانوالی، سیالکوٹ، ناروال اور سرگودھا میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

بعض میدانی علاقوں میں صبح کے وقت خنکی سے درجہ حرارت کم جب کہ دوپہر میں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

لاہور کا درجہ حرارت صبح کے وقت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو 23 تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم خشک جبکہ سوات، دیر، کرم اور چترال کے اضلاع میں سرد رہے گا۔ شا م کے بعد مالاکنڈا، دیر، چترال، سوات، میں با رش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔