سندھ میں موسم گرم اور گرمی کی شدت برقرار رہے گی

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم ابر آلود رہے گا تاہم سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں پیر کو بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ گرمی کی شدت برقرار رہے گی جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں کا موسم جزوی ابر آلود رہے گا جب کہ کئی مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان)، ژوب، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، سرگودھا، راولپنڈی، قلات ڈویژن اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع سکھر 45 ڈگری سینٹی گریڈ، حیدر آباد 42 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ بلوچستان کے علاقے تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز شام ڈھلتے ہی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، ڈی آئی خان، پشاور، کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور کچھ مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے باعث گندم کی کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔