وفاقی دارالحکومت اسلام آباد و راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں چلنے والی تیز آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلام آباد و راولپنڈی میں شدید آندھی آئی اور 60 سے 80 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چلنے والی تیز ہواؤں اور بارش کے باعث ایمبیسی روڈ اور آب پارہ سمیت مختلف علاقوں میں درختوں کے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں جس کی وجہ سے کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
طوفانی ہواؤں کی وجہ سے آئیسکو ریجن کے300 کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے اور متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔
خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثرہوا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت گرد و نواح میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
مری میں ہونے والی تیز بارش نے بھی بجلی کی فراہمی معطل کردی۔
جہلم اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جب کہ شیخو پورہ اور لاہورسے ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔