سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں پاک افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کوناکام بناتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی رات ، ضلع باجوڑ کی حدود میں پاکستان افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے ناکام بنادیا۔ اس دوران فتنہ الخوارج کے 5 خوارج ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، مادر وطن کے تین بہادر سپوت؛ نائیک عنایت خان (عمر: 36 سال، ضلع خیبر کے رہائشی)، لانس نائیک عمر حیات (عمر: 35 سال، ضلع مانسہرہ کے رہائشی) اور سپاہی وقار خان (عمر: 25 سال، ضلع پشاور کے رہائشی) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر مؤثر انتظامات کو یقینی بنائے، عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور افغان سرزمین کو خوارج کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہارافسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ قوم کے شہدا قوم کا فخر ہیں، پوری قوم ان کی احسان مند رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کی دراندازی کوشش کو ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں فراموش نہیں کرے گی۔
صدر مملکت نے شہدا کے لیے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔