بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں سہولت کاری اور پیغام رسانی کے الزام میں جیل کے مزید 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے سہولت کاری میں ملوث 2 خواتین سمیت 6 افراد کو تحویل میں لے لیا، تحویل میں لیے گئے ملازمین میں 2 لیڈی وارڈنز، سوئیپرز اور کیمرا سیکیورٹی چیکنگ پر تعینات اہلکار شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے ملازمین کے زیر استعمال موبائل فون بھی ضبط کرلیے گئے، جیل کا لیڈی اسٹاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے لیے سہولت کاری میں ملوث رہا ہے، 14 اگست سے اب تک سہولت کاری میں 13 افراد تحویل میں لیے جا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ اڈیالہ جیل میں اسیر عمران خان کی گزشتہ روز کے ناشتہ کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں ، گزشتہ روز عمران خان نے ناشتے میں تخم ملنگا، گوندکتیراملاچقندر کا جوس، 2 دیسی انڈوں کا آملیٹ کھایا، بانی پی ٹی آئی کو تینوں ٹائم حسب فرمائش کھانا فراہم کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کا کھانا تیار کرنے کے لیے دو مشقتی دیے گئے جو ماہر کک ہیں۔
واضح رہے کہ 14 اگست کو حساس اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔
ساس اداروں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی، ان کے لیے سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ سمیت مختلف مقدمات میں سزا یافتہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔