ذو الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفترمیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمٰن کریں گے ۔اجلاس میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمۂ موسمیات کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج ذوالحج کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے مطابق عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہو گی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند گذشتہ رات 8 بج کر 12 منٹ پر پیدا ہو گیا ہے ۔ غروبِ آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک افق پر دیکھا جا سکے گا۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے رویت کلینڈر کے مطابق بھی عیدِ قرباں 12 اگست کو ہی ہو گی۔
دوسری جانب پشاور میں رمضان اور عیدین کے چاند پر اختلاف کرنے والی مقامی غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان کا کہنا تھا کہ ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور انہوں نے بھی ذیقعد کے 30دن مکمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیر 12 اگست کو عید الاضحٰی منانےکا اعلان کیا ہے۔