کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں یوم شہادتِ حضرت علی رضی اللّٰہ عنہ کےجلوسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمۂ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبے میں مذہبی اجتماعات پر پہلے ہی پابندی عائد ہے، وفاقی حکومت نے بھی مذہبی اجتماعات کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے پہلے کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے طور پرپنجاب اور خیبر پختون خوا نے بھی یوم علیؓ کے جلوسوں پر پابندی لگا دی تھی۔
محکمۂ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق امام بارگاہوں اور گھروں پر ایس او پیز پورا کرنے پر مجالس ہو سکتی ہیں، تاہم مجالس کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہو گا۔
خیبر پختون خوا حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امام بارگاہوں کے اندر سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے مجالس منعقد کی جاسکتی ہیں۔
ادھر سندھ میں علمائے کرام کی مشاورت سے تمام مذہبی سرگرمیوں، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی برقرار ہے۔
محکمۂ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے نیا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی وزارتِ داخلہ نے تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور کمشنر اسلام آباد کو مراسلہ بھیج کر کہا ہے کہ تراویح، رمضان کے آخری عشرے اور عید کی نماز پر بھی ایس او پیز کا اطلاق ہوگا۔
وفاقی وزارتِ داخلہ نے اپنے مراسلے میں زور دیا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں طے کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔