پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سابق کپتان مصباح الحق کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔
پی سی بی نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی ہے، سابق کپتان مصباح الحق اس 3 رکنی کمیٹی کے سربراہ ہیں جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں 2 سابق کپتان انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کرکٹ سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گی جن میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ، پلیئنگ کنڈیشنز، قومی سلیکشن کمیٹی کا تقرر، قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری، سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس اور امپائرز و ریفریز اور کیوریٹرز کے بارے میں منصوبہ بندی شامل ہیں۔
کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کرکٹ کے ماہرین کو بھی مدعو کرسکے گی اور اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کو باقاعدگی سے دے گی۔
3 سابق کپتانوں کا کمیٹی میں شامل ہونا خوش آئند ہے، ذکاء اشرف
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ 3 سابق کپتانوں مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کا کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں شامل ہونا خوش آئند ہے، یہ تینوں کرکٹ کی زبردست معلومات رکھتے ہیں اور جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
ذکاء اشرف نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کسی بھی کرکٹ کھیلنے والی قوم کا ستون ہوتا ہے اور ہمیں اپنے ڈھانچے کو بہترین انداز میں تیار کرنا ہے، مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کی موجودگی سے ہمارے کرکٹ سسٹم کو بہترین بنانے میں مدد ملے گی تاکہ ہم بہترین کرکٹرز سامنے لاسکیں۔