افغان صدراشرف غنی دو روزہ دورے پرپاکستان پہنچ گئے، اپنے دورے میں افغان صدر وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سےملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نور خان ایئربیس پہنچنے پر مشیر تجارت عبد الزاق داود نے افغان صدر کا استقبال کیا ، افغان صدر کے ہمراہ وزرا،سرمایہ کاروں کاوفد بھی ہے۔
افغان صدر دورہ پاکستان کے دوران وزیر خارجہ، وزیر اعظم اور صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔ اشرف غنی کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران پاک افغان مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
اشرف غنی اسلام آباد میں تھینک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ افغان صدر کے اعزاز میں صدر ڈاکٹر عارف علوی عشائیہ دیں گے۔
افغان صدر 28 جون کو لاہور جائیں گے۔ لاہور میں افغان صدر گورنر اور وزیر اعلی پنجاب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ جمعہ کو بادشاہی مسجد لاہور میں نماز جمعہ ادا کریں گے۔
افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی جمعہ کی شام کو لاہور سے واپس افغانستان روانہ ہو جائیں گے