دادو: سندھ کے ضلع دادو پی ایس 86 میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔
پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد ہونے والی خالی نشست پر دوبارہ ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں۔ پی ایس 86 ضمنی انتخاب میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے چچا زاد بھائی سید صالح شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ امداد لغاری تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔
پی ایس 86 ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ضمنی انتخابات کے لیے حلقے میں 158 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 60 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 16 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 825 ہے ، ضمنی انتخاب کے لیے 1300 پولیس اہلکار جبکہ پاک فوج اور رینجرز کے 1100 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ ۔ پی ایس 86 ضمنی انتخاب کے لیے ضلع بھر میں عام تعطیل ہے۔