پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا کیلئے کراچی اور لاہور سے براستہ دبئی جوہانسبرگ پہنچ گئی۔
جمعے کو آرام کا دن ہے، ہفتے کو پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور شان مسعود کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے جب کہ امام الحق، بابراعظم، حارث سہیل، اظہر علی اور دیگر کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔
بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور دیگر آفیشلز بھی کھلاڑیوں کے ہمراہ ہیں جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر پہلے سے ہی جنوبی افریقا میں موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نجی مصروفیات کے باعث ٹیم کے ہمراہ نہیں گئے، وہ 20 دسمبر کو جنوبی افریقا کیلئے روانہ ہوں گے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آگے کی سوچ لے کر جنوبی افریقا جارہے ہیں، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا اور اب ساری توجہ اس دورے پر ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور اپنی اننگز کو لمبا کرنے کی کوشش کریں گے، جنوبی افریقا کی پچز باؤنسی ہیں جن پر فاسٹ بولروں کا کردار اہم ہوگا۔
قومی ٹیم دورہ جنوبی افریقا میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شروع ہوگا۔
x