دنیا بھر میں بچوں خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے لیے سرگرداں ملالہ یوسف زئی کی عزت افزائی کے لیے امریکی ریاسٹ ٹیکساس میں ایک اسکول پاکستانی ملالہ یوسف زئی کے نام سے منسوب کردیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ’فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ‘ نے ووٹنگ کے بعد اسکول کا نام تبدیل کرکے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام پر رکھ دیا، نام تبدیلی کے بعد مذکورہ تعلیمی ادارے کا نام ’ملالہ یوسف زئی ایلیمنٹری ‘ ہوگیا ہے۔
نام کے انتخاب کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں اساتذہ، طلبہ، والدین، اسٹاف، بورڈ ارکان اور دیگر شامل تھے جب کہ 100 کے قریب نام تجویز کیے گئے جس میں سے ملالہ یوسف زئی کا نام منتخب کیا گیا۔
مذکورہ اسکول اس وقت زیر تعمیر ہے جس کی تکمیل جنوری 2020ء میں ہوگی۔ ملالہ یوسف زئی کے والد نے بیٹی کو ملنے والے ایک اور اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو ملالہ یوسف زئی کی تعلیم کے لیے خدمات پر تقویت اور تحریک لینے کا مشورہ دیا ہے۔