اسلام آباد پولیس کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے توڑ پھوڑ اور اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں اینکر معید پیر زادہ، صابر شاکر اور سید اکبر حسین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق اینکر صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین 9 مئی کو سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکساتے رہے۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ 9 مئی کو توڑ پھوڑ کرنے والے افراد براہ راست ان تینوں صحافیوں سے ہدایات لے رہے تھے۔
یہ مقدمہ تھانہ آبپارہ میں انسداد دہشت گردی اور بغاوت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ویڈیو پیغامات اور سوشل میڈیا کے ذریعے سادہ لوگوں کو اکسایا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزمان عسکری تنصیبات پر حملہ کرکے ملک میں بغاوت اور انتشار پھیلانا چاہ رہے تھے۔ اس منظم سازش کے ذریعے غیر ملکی اور دشمن ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
ایک اور مقدمے میں صحافی شاہین صہبائی، صحافی وجاہت سعید خان، یوٹیوبر حیدر رضا مہدی اور یوٹیوبر عادل راجہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ یہ مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا گیا۔
مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ یہ افراد ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے لوگوں کو دہشتگردی پر اکسا رہے تھے۔