مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلیفون کرکے دبئی میں سابق صدر آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور نگران سیٹ اپ پر تبادلہ خیال کیا۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی کہ تمام اہم سیاسی فیصلوں پر آپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے۔ قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ دبئی میں آصف زرداری سے ملاقات معمول کی ملاقات تھی جس میں ملکی مسائل اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے نواز شریف کا کہنا تھا کہ نگران سیٹ سمیت تمام امور پر مشاورت ہوگی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم فیصلوں سے متعلق مسلسل مشاورت کرنے پراتفاق کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو جلد تمام اتحادی سربراہان کا اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی۔