گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی پیکیج سے ایک روپیہ بھی سندھ حکومت کو نہیں دیا جائے گا۔
گورنر ہاؤس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاق حکومت خود ترقیاتی کاموں کو مکمل کرے گی سندھ حکومت پہلے این ایف سی کی مد میں ملنے والے فنڈز تو خرچ کرے پھر دیگر فنڈز کی بات کرے وزیراعظم کو کسی صوبے میں ترقیاتی کام کرنے سے کوئی قانون نہیں روکتا، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اپنے بیانات میں ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے نظریات میں یکسانیت کی بات کی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کسی بھی طرح وزیراعظم کو ملک کے کسی بھی حصے میں کام سے نہیں روکتی ترقیاتی کاموں سے عوام کی زندگی میں بہتری آتی ہے۔ ہم وفاق کے کراچی ترقیاتی پیکیج کے فنڈز کا ایک روپیہ بھی سندھ حکومت کو نہیں دیں گے یہ پیسے وفاقی حکومت خود خرچ کرے گی وزیراعظم عمران خان جس طرح چاہیں ملک میں کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اقتدار ملا تو حکومت دیوالیہ ہوچکی تھی پہلے آئی ایم ایف سے ان کی شرائط پر قرضے لیے گئے اور اب ہم اپنی شرائط پر آئی ایم ایف کے ہاس جارہے ہیں۔
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام سے جسے تکلیف ہے وہ عدالتوں سے رجوع کرے کراچی ترقیاتی پیکیج کے 7 منصوبے اگلے 6 ماہ میں شروع ہوجائیں گے کوشش ہوگی کہ کے پی حکومت کی 200 بسوں میں سے 25 بسیں کراچی گرین لائن پر چلانے کے لیے ادھار لے لیں جب ہماری بسیں آئیں گی تو ہم انہیں اپنی بسیں دے دیں گے۔