نامور گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنی فلم ’’طیفا ان ٹربل‘‘ کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
گزشتہ برس ریلیز ہونے والی علی ظفر اور مایا علی کی فلم’’طیفا ان ٹربل‘‘2018 کی دوسری کامیاب فلم ثابت ہوئی، فلم اب تک 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔ علی ظفر نے اپنی فلم کی کامیابی کا جشن منایااور اس موقع پر ’’طیفا ان ٹربل‘‘کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا۔
علی ظفر نے فلم کی کامیابی کا سہرا ہدایت کار احسن رحیم کے سر سجاتے ہوئے ان کا اور اپنی اہلیہ عائشہ فاضلی کا شکریہ اداکیا، انہوں نے کہا کہ فلم بنانے کے لیے جس عزم اور ہمت کی ضرورت ہوتی ہے وہ مجھے اپنی بیوی سے ملی۔ فلم بنانے کے دوران میری راہ میں جو بھی مشکلات آئیں عائشہ میرے ساتھ میری طاقت بن کر کھڑی رہی اور احسن رحیم کے بغیر شاید یہ فلم نہیں بن سکتی تھی۔
واضح رہے کہ ’’طیفا ان ٹربل‘‘کے سیکوئل کی شوٹنگ کب شروع کی جائے گی اور فلم کی کاسٹ میں کون شامل ہوگا اس حوالے سے تفصیلات فی الحال منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔