شہرمیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے گرمی کی لہر میں جزوی کمی آگئی۔
بارش سے قبل شہر کی فضاؤں پر گہرے بادل اور کالی گھٹائیں چھا گئیں جبکہ کئی علاقوں میں کالی آندھی بھی چلی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 30ستمبر تک برقراررہ سکتا ہے۔
گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھاربارش ریکارڈ ہوئی،زیادہ سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 36.2 ملی میٹرریکارڈ ہوئی، بارش سے قبل شہر میں حدت محسوس کی گئی، شہر میں گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ 35.5 ڈگری رہا، گزشتہ روز بھی ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمول طورپرزیادہ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 36.2ملی میٹر ریکارڈ ریکارڈ ہوئی۔ لانڈھی میں 12 ملی میٹر،گلستان جوہر میں 9،گلشن حدید 7، اولڈ ائرپورٹ، یونیورسٹی روڈ، پہلوان گوٹھ 3 ملی میٹر جبکہ صدر میں 2.5 اور پی اے ایف مسرور اور فیصل بیس پر 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، بارش سے قبل شہر میں حسب سابق گرمی کی شدت برقراررہی، جس کے دوران ہو امیں نمی کا تناسب دن کے وقت 78 فیصد تک بڑھنے کے سبب شدید حدت محسوس کی گئی۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق بارشوں کے حالیہ سلسلے کو مون سون کی آخری بارش نہیں کہہ سکتے، کیونکہ موجودہ مون سون کا سلسلہ 5 اکتوبر تک برقراررہ سکتا ہے، جس کے دوران نادرن ایریاز جبکہ اندورن سندھ کے مختلف اضلاع میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔