لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے مریم نواز کے وکلا کو بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پرسماعت کی،نیب کی جانب سے عدالت میں شق وار جواب جمع کرائے گئے۔
اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مریم اپنے والد کے ساتھ رہ رہی ہیں؟کیا ہم جسمانی ریمانڈ پر ہونے کے باوجود ضمانت کی درخواست ضمانت پر سماعت کر سکتے ہیں؟کیا ملزمہ کے وکلا نیب کا جواب پڑھنا نہیں چاہیں گے؟۔
جس پر مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مریم جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، جیل اور محکمہ داخلہ کی اجازت کے بعد نواز شریف کے ساتھ ہیں،جوڈیشل ریمانڈ پر ہونے کی وجہ سے انکی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے، ہم نیب کا جواب ضرور پڑھنا چاہیں گے، مگر اس دوران امجد پرویز کیس کی بریفینگ دے دیں گے۔