بھارت کو جارحیت پر جواب دینے کی تیاری اور آئندہ کی حکمت عملی کے لیے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کے استعمال کا اختیار نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی ہی کے پاس ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ جوابی کارروائی کے لیے وقت اور جگہ کا تعین پاکستان خود کرے گا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی جارحیت پر میڈیا بریفنگ کے بعد غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ اب بھارت پاک فوج کے سرپرائز کا انتظار کرے، بھارت کو اس حرکت پر پہلے گندا کریں گے پھر ذمہ دارانہ جواب دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قوموں اور ملکوں پر مشکل وقت آتے ہیں مگر ہم نے اپنا فوکس تبدیل نہیں کرنا، نریندر مودی الیکشن میں کامیابی کے لیے خون چاہتا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں ہماری قومی سیاسی قیادت، فوج اور عوام متحد ہیں۔