کراچی:قرارداد پاکستان منظورکرنے والی سندھ اسمبلی کی تاریخی عمارت کے قیام کو 77سال مکمل ہوگئے،دارالحکومت اسلام آباد منتقل ہونے تک سندھ اسمبلی کی موجودہ عمارت میںپاکستان کی دستورسازاسمبلی کے اجلاس ہواکرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ سندھ اسمبلی کی تاریخی عمارت کی تعمیر کو 77سال مکمل ہوگئے ہیں ،2 منزلہ اس تاریخی عمارت کا سنگ بنیاد 11مارچ 1940کو رکھا گیا جبکہ 4مارچ 1942کو گورنر سندھ ہیوگ ڈاؤ نے سندھ اسمبلی کی تاریخی عمارت کا افتتاح کیاتھا ،سندھ اسمبلی کی قدیمی عمارت میں ارکان اسمبلی کا ایوان ،اسپیکر سیکریٹریٹ، قائد ایوان، قائد حزب اختلاف ، لائبریری، اسپیکر چیمبر، کیفے ٹیریا، لیجسلیشن و پروسیڈنگ سیکشن، محکمہ قانون کے افسران کے دفاتر، وزرا، اسمبلی سیکریٹریٹ افسران کے دفاتر اور کمیٹی روم ہیں ،قیام پاکستان سے قبل سندھ اسمبلی کی عمارت میں غیر منقسم برصغیر کے سندھ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس ہوا کرتے تھے۔