وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بلاول اگر بچ کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ سیاست میں مارا جائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کا محکمہ اپنے افسران اور مزدوروں کی محنت سے آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان ریلوے نے چھ ماہ میں ترقی کی ہے، ریلوے میں 10 ہزار آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں، ہمارے پاس ساری ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن ہم پھر بھی پیچھے رہ گئے ہیں اگلا مشن ہے کہ پاکستان کچھ امپورٹ نہ کرے کیونکہ جب چیزیں درآمد کی جاتی ہیں تو اس میں کرپشن اور کمیشن ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لٹیروں نے ملک کو لوٹا اور عوام کو گیس کے اضافی بل دینے پڑ رہے ہیں۔ آج وہ چور ، ڈاکو اور لٹیرے جو ضمانتیں کراتے پھر رہے ہیں، انہوں نے تو قبرستان کو بھی نہیں بخشا، مردوں کےنام پر اربوں روپے ملک سے باہر بھیجے ۔