پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جا رہے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں کیویز نے 229 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کر دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز کو آگے بڑھائے گی۔ دونوں ٹیمیں ابوظہبی کے میدان میں دن گیارہ بجے ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔
اس سے قبل کھیل کے پہلے روز کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، ٹام لیتھم 24 کے مجموعی اسکور پر ڈیبیو بالر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
اوپنر جیت راول نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنائے اور ٹوٹل اسکور کو 70 تک پہنچا دیا۔ 70 رنز پر کیویز کے دو اہم کھلاڑی یاسر شاہ کی گھومتی گیند کا شکار ہو گئے۔
جیت راول 45 اور راس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ہینری نکولس میدان میں آئے تو بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ کے درمیان 104 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سہارا دیا۔
176 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن 89 رنز بناکر حسن علی کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ کالن ڈی گرینڈ ہوم 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنالیے تھے۔ بی جے واٹلنگ 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کے لیے برا خواب ثابت ہوئے اور تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس علاوہ حسن علی اور ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کیویز کے خلاف پہلی وکٹ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی جب کہ دیگر تین کھلاڑیوں کو یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ سے دو قدم کے فاصلے پر ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں 82 سال بعد تیز ترین 200 وکٹوں کے ہال آف فیم میں نام لکھوانے کے لیے یاسر شاہ کو مزید دو وکٹیں درکار ہیں۔
یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا فائنل معرکہ اب تک ایک ایک میچ سے برابر ہے۔ دونوں ٹیمیں ابو ظہبی کے میدان میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔
پہلے میچ میں پاکستان کو چار رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ایک اننگز اور سولہ رنز سے شاندار جیت حاصل کی۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔