وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، 14مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے، انتخابات کے حوالے سے عمران خان کی کسی دھمکی، دھونس، تکبر کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے فیصل آباد میں پارٹی کے رابطہ دفتر اور اپنے پبلک سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، الیکشن اسی سال کیئر ٹیکر سیٹ اپ کے تحت ایک ہی روز اور فیئر اینڈ فری ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف الیکشن سے قبل پاکستان آکر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کریں گے، انتخابات کے حوالے سے عمران خان کی کسی دھمکی، دھونس، تکبر کو خاطر میں نہیں لائیں گے، عمران خان فتنے فساد، جلاؤ گھیراؤ، جلسے جلوسوں، ریلیوں کی دھمکیاں دینا چھوڑیں۔
ان کا کہنا تھا عمران خان سیاستدان بن کر سیاسی میز پر بیٹھ کر تمام جمہوری قوتوں سے مذاکرات کریں تاکہ ملک بھر میں ایک ہی روز آزادانہ، غیر جانبدارانہ، منصفانہ و شفاف انتخابات کروائے جائیں ورنہ جس طرح عمران خان نے پچھلے سال مئی میں دھمکی دی تھی کہ میں 25 مئی کو اسلام آباد آرہا ہوں اور آکر یہ کردوں گا وہ کردوں گا پھر لوگوں نے دیکھا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔