راولپنڈی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ معیشت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آج کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر کے ساتھ صوبائی اپیکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انہیں نظر ثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کچے کے علاقے میں آپریشن اور نجی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی حفاظت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان اور سندھ میں ایس آئی ایف سی اقدامات پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی ادارے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے جبکہ معیشت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کارروائیوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے اقدامات کے فائدہ مند اثرات کیلیے محکموں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا۔
اجلاس میں شرکا نے عزم کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی کیلیے متحد ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ماطابق آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔