اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان کیس ختم نہ کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کرنے کا کیس ختم کرنے پر عدالت مطمئن نہیں کر سکی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت یہ سمجھتی ہے کہ کچھ معاملات میں تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے، اس کے لیے متعلقہ مٹیریل حاصل کرکے کیس کو آگے لے جایا جاسکتا ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ اصغر خان کے لواحقین نے کیس ختم کرنے کی مخالفت میں درخواست دے رکھی ہے ادارہ مذکورہ درخواست پر بھی اپنا جواب ایک ہفتے میں جمع کرائے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع کو 25 جنوری کو طلب کرلیا ہے۔