پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز کل سے ہونے جارہا ہے جس کے لیے مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کی دبئی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب کل ہوگی جس کے بعد ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ایونٹ میں شامل مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کی دبئی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ریلے روسو دبئی پہنچ گئے۔
آسٹریلوی لیگ اسپنر فواد احمد بھی دبئی پہنچنے والوں میں شامل ہیں جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کریں گے، اسی طرح کراچی کنگز کے کولن انگرام نے بھی دبئی پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرلیا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلیں جائیں گے اور فائنل سمیت آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گی۔
متحدہ عرب امارات کے تین شہر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ 26 میچز کی میزبانی کریں گے جب کہ فائنل سمیت 5 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔