پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ کراچی کنگز او ملتان سلطان کے مابین پاکستان وقت کے مطابق دن 4:30 بجے شروع ہو گا، جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین رات 9.00 بجے کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے اب تک ہونے والے میچز پر نظر دوڑائیں تو کراچی کنگز اور ملتان سلطان کی ٹیمیں پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں ایک مرتبہ مدمقابل آئیں تھی جس میں کراچی کنگز نے ملتان سلطان کو 63 رنز سے شکست دے دی تھی دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔
ملتان سلطان کو اس سیزن میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔پاکستان کے مایہ ناز سابق آل راؤنڈر بوم بوم شاہد آفریدی اور سابق کپتان اور موجودہ قومی ٹیم کے مڈل آرڈز بلے باز شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوں گے.
دیگر کھلاڑیوں پر نظر دوڑائیں تو ویسٹ اینڈیز کے تجربہ کار ٹی ٹوئنٹی آل راونڈر آنڈرے رسل اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی نکولس پوران پر بھی ملتان کے فینز کی نظریں مرکوزہوں گی۔ملتان سلطان کی کپتانی شعیب ملک جبکہ کوچ جوان بوتھا ہوں گے۔
کراچی کنگز کی کپتانی پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم ،کولن منرو،کولن انگرم، روی بوپارا کے علاوہ محمد عامر جیسے تجربہ کار فاسٹ باؤلر شامل ہیں۔
آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں اب تک 6 میجز کھیلے گئے ہیں جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 میں سے 3 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ پشاور زلمی 2 میچ جیت سکا، جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا۔