سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھارتی جنگی جنون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت اور مہم جوئی کے خلاف پورا پاکستان متحد ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت، وقار اور سلامتی کے لئے ہم میں سے ہر ایک فوج کا سپاہی ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر، ہر پاکستانی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہروقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ اور عظیم قربانیاں اس کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستانی قوم نے ہر چیلنج، ہر مشکل اور ہر دشمن کا بہادری اور بے مثال جذبے سے مقابلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور بھارت میں پاکستانی قیدی کی جیل میں تشدد سے ہلاکت، کشمیریوں اور بھارت میں رہنے والے مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی حکومت اس لاقانونیت کو روکے اور کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،پلوامہ واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ کے غم پر افسوس کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت سیاست کسی اور معاملے پر کرلے، جنوبی ایشیا کے غریب عوام کا مستقبل تاریک کرنے کی منفی سوچ ترک کرے، ہر الیکشن میں پاکستان دشمنی کا افسوس ناک رجحان بھارتی سیاست میں ختم ہونا چاہیے جب کہ عالمی برادری اور بھارت جتنی جلدی مقبوضہ جموں وکشمیر کے تنازعہ کو حل کرے گی، خون بہنا اتنی ہی جلدی روکنا ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کی جو انتہا کی ہے اس کا ردعمل فطری ہے ،بم، بندوق، گولی اور تشدد سے امن تلاش نہیں ہوسکتا اور نہ ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔