غیر ملکی میڈیا نے پاکستان میں فضائی حملے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور مدرسے کے تباہ ہونے کے بھارتی دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔
برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز نے بھارتی فضائیہ کی پاکستان میں ایک مدرسے پر کارروائی میں 350 دہشت گردوں کی ہلاکت کے دعوے کو جھوٹا ثابت کر دیا۔ رائٹرز نے متاثرہ علاقے کی ایک سال قبل اور حملے کے بعد کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کیں جس میں صرف درختوں کو ہونے والا نقصان دیکھا جا سکتا ہے جب کہ رہائشی عمارتیں جوں کی توں موجود ہیں۔
نیوز ایجنسی نے مزید لکھا کہ سٹیلائٹ تصاویر نے مودی حکومت کے جھوٹے دعوؤں پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کی جارحیت حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے رواں برس ہونے والے انتخابات میں مثبت اور منفی دونوں طرح کا کردار ادا کرسکتی ہے۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ اگر بھارتی فضائیہ کی صلاحیت اور قابلیت پر سوالیہ نشان اٹھتے رہے تو بی جے پی کو عوام کو گمراہ کرنے کی وجہ سے انتخابات میں دھچکا لگے گا لیکن اگر بی جے پی اس معاملے کو یوں ہی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے میں کامیاب رہی تو بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ ہوسکتا ہے۔