جرمنی کے وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دراندازی اور اس کے نتیجے میں خطے میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی جارحیت کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلیٹ کو انڈیا کے حوالے کیا
جرمن وزیر خارجہ کی طرف سے دونوں ممالک کو اپنے معاملات بذریعہ مذاکرات حل کرنے پر زور دیا گیا۔ ہائیکو ماس کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون اور سرمایہ کاری میں فروغ پراتفاق بھی کیا۔